207

سعودی حکومت کا اپنے شہریوں کیلئے مالی مراعات کا اعلان

ریاض۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور حکومتی ٹیکسوں کے باعث اپنے شہریوں کو مالی مراعات دینے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی شاہی فرمان میں کہاگیاکہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گیس کی قیمتوں میں اضافے اور مختلف اشیا پر ویلیو ایڈٹ ٹیکس کے نفاذ کے پیش نظر سرکاری ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ماہانہ 1000 ریال وظیفے کا اعلان کیا ہے۔

اس کے علاوہ سعودی حکومت نے یمن میں جنگ لڑنے والے فوجیوں کے لیے 5 ہزار ریال ماہانہ الاونس کا اعلان بھی کیا ہے۔سعودی عرب نے چند روز قبل ہی اپنے ملک میں معاشی اصلاحات کے نفاذ کے سلسلے میں گیس کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ کیا تھا اور ساتھ ہی مختلف اشیاء پر 5 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔شاہ سلمان نے اپنے احکامات میں ریاست کو ہدایت کی کہ چند مواقع پر شہریوں کو وی اے ٹی میں چھوٹ دی جائے جیسے خصوصی تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرتے وقت اور پہلی مرتبہ گھر خریدتے وقت جس کی رقم 8 لاکھ 85 ہزار ریال تک ہو۔

اس کے علاوہ طالب علموں، ریٹائرڈ ملازمین اور سوشل سروسز فراہم کرنے والوں کے الاؤنس میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔سعودی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے شاہی فرمان میں اس بات کی وضاحت تو نہیں کی گئی کہ مجموعی طور پر کتنے افراد اس فیصلے سے مستفید ہو سکیں گے لیکن سعودی عرب کے سرکاری بینک کے اعدادو شمار کے مطابق 11 لاکھ 18 ہزار سعودی سرکاری ملازمین ہیں جبکہ 12 لاکھ 30 ہزار ریٹائرڈ افراد پنشن حاصل کررہے ہیں۔اس اندازے کے حساب سے سعودی حکومت اپنے شہریوں کو 23 ارب ریال الاؤنس کی مد میں فراہم کرے گی۔