112

امریکا کوتعلقات کے آغاز سے اب تک ہرچیزکی قیمت ادا کی ہے، محمد بن سلمان

ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ہمیں بھیک نہیں دیتا بلکہ ہم جو بھی فوجی ساز و سامان خریدتے ہیں اس کی پوری پوری قیمت ادا کرتے ہیں۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ جب سے امریکا سے تعلقات کا آغاز ہوا ہے تب سے سعودی عرب ہر چیز کی قیمت ادا کرتا آیا ہے۔

بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی ولی عہد کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔ امریکا ہمیں بھیک نہیں دیتا بلکہ ہم امریکا سے فوجی سازوسامان خریدتے ہیں اور اس کی قیمت ادا کرتے ہیں۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ اس بیان سے دونوں ملکوں کے تعلقات خراب نہیں ہوں گے تاہم غلط فہمیوں کو دورکر کے مضبوط تعلقات قائم کئے جاسکتے ہیں۔

محمد بن سلمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اتحادی اپنے اپنے ملکی اور سیاسی مفاد کے تحت ہر قسم کی بات کرتے ہیں اور ایسا ممکن نہیں کہ ہر اتحادی ملک سو فیصد آپ کے حق میں ہو۔

واضح رہے کہ  گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسی سپی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی بادشاہ کو اپنی حفاظت کے لیے امریکا کو معاوضہ ادا کرنا ہوگا اور ہمارے بغیر وہ  دو ہفتے بھی اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔