بیجنگ۔چین کی حکومت، یونیورسٹیوں، مقامی حکومتوں اورکمپنیوں نے تعلیمی سال2018-19کیلئے ایک ہزارسے زائد پاکستانی طالب علموں کو وظائف جاری کردیئے ۔چین کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس وقت چین کی یونیورسٹیوں اورتعلیمی اداروں میں 22 ہزارسے زیادہ پاکستانی طالبعلم تعلیم حاصل کررہے ہیں۔چین میں غیرملکی طالبعلموں کے حوالے سے پاکستان سرفہرست ہے۔
پاکستانی طالب علم چینی تاریخ، ثقافت، طب، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیاتی سائنسز، چینی زبان اوربین الاقوامی اقتصادیات اورتجارت کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔گزشتہ سال کے دوران چین نے 7 ہزارپاکستانی طالب علموں کیلئے وظائف جاری کئے۔چین کے ایک سینئر حکومتی اہلکار نے بتایا کہ یہ طالبعلم اپنے خاندان اورملک کیلئے باعث فخر ہیں۔
چین میں قیام کے دوران ان پاکستانیوں کو گھر سے دوری کازیادہ احساس نہیں ہوتا کیونکہ چین کی حکومت اورسماج پاکستانی طالب علموں کیلئے خیرسگالی اورگرم جوشی پرمبنی رویہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اوورسیز ا سٹڈیز کیلئے چین پاکستانی طالب علموں کیلئے مقبول ترین ملک ہے ۔گزشتہ 5 برسوں میں چین میں پاکستانی طالبعلموں کی تعداد 5 ہزارسے بڑھ کر22 ہزار ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ دیگر ایشیائی ممالک کے مقابلے میں چین پاکستانی طالب علموں کیلئے زیادہ وظائف فراہم کررہاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین اورپاکستان اب تزویراتی شراکت دارہیں اورچین پاکستان اقتصادی راہداری صدرشی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈانیشی ایٹو کا اہم ترین منصوبہ ہے۔