دبئی: متحدہ عرب امارات کی حکومت کا مہلک امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کے لیے دو نجی فارما کمپنیوں سے معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد تشویش ناک حالت میں مبتلا مریض سال بھر مفت ادویات حاصل کرسکیں گے۔
اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی میں ایک تقریب کے دوران وزارت صحت اور ادویہ ساز نجی کمپنیوں کے حکام کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے جس کے تحت مذکورہ کمپنیاں مختلف جان لیوا امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات فراہم کریں گی۔
یہ ادویات چھاتی کے سرطان، پھیپھڑوں کے کینسر، گلے کے غدود اور گردوں کے جدید کینسر سمیت دیگر مہلک امراض میں مبتلا افراد کو ایک سال تک مفت فراہم کی جائیں گی۔
وزارت صحت کے اعلیٰ افسر ڈاکٹر امین الامیری کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کا مقصد مریضوں کو بروقت ادویات کی فراہمی کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے اور حکومت بین الاقوامی معیارات کے مطابق بہترین طبی نظام کو نافذ کرنے کے لیے وژن 2021ء کی پالیسی پر گامزن ہے۔