254

پاکستان کی عسکری قیادت سے رابطہ کیا ہے ‘ امریکی سیکرٹری دفاع کا دعویٰ

واشنگٹن۔ امریکا کے سیکریٹری دفاع جنرل جیمز میٹس نے واضح کیا ہے کہ پاکستان پر عسکری امداد کی پابندی کے باوجود پینٹاگون نے پاکستان کی عسکری قیادت سے رابطہ کیا ہے اور نیٹو سپلائی لائن سمیت اہم امور زیر بحث آئے ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز جنرل جوزف وٹل نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے فون پر گفتگو کی اور ہم مزید رابطے کی فضا بحال کریں گے تاہم سیکرٹری دفاع نے اس امر پر یقین دہانی نہیں کرائی کہ آرمی چیف جنرل قمر سے گفتگو پاکستان پر امداد کی پابندی سے قبل ہوئی یا بعد میں،جیمز میٹس نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کی عسکری امداد پر پابندی عائد کرنے سے قبل ان تمام اہم امکانات کا ہر زاویے سے جائزہ لیا تھا لہٰذا امریکا کو ردِ عمل کے طور پر افغانستان میں سپلائی روکنے کی فکر نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا ‘مجھے نہیں لگتا اور نہ ہی میرے پاس ایسے کوئی اشارے ہیں جس سے ثابت ہو کہ اسلام آباد افغانستان کی سپلائی روکے گا’۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکی پابندی کے بعد چین پاکستان کی عسکری امداد کو پورا کرے گا؟ تو انہوں نے جواب دیا ’نہیں ۔جیمز میٹس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نیٹو فورسز کے مقابلے میں زیادہ جانوں کی قربانی دی لیکن عسکری امداد پر پابندی کا فیصلہ امریکی کی مشرق وسطیٰ کی نئی تزویراتی حکمت عملی کے تحت لیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سول حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار نبھا سکتی ہے۔