104

افغانستان میں اتحادیوں کی بمباری ٗ 25 شہری جاں بحق

کابل؍کوہاٹ۔ افغانستان کے وسطی صوبہ وردک اور صوبہ کپیسا میں اتحادی و افغان افواج کی بمباری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 12 افراد سمیت 25 افغان شہری جاں بحق ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ مغربی صوبہ فراہ میں فوجی حکام نے فضائی حملوں میں 46 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے اور بڑی مقدارمیں بارودی مواد تباہ کرنے کادعویٰ کیا ہے۔ 

پیر کے روز سرحد پار سے افغان میڈیا کے حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب اتحادی و افغان افواج نے وسطی صوبہ وردک کے ضلع جاگٹو کے علاقے ملاحفیظ کے علاقے میں طالبان کی ایک مبینہ جیل پر فضائی بمباری کی جو عینی شاہدین کے مطابق جیل کی بجائے مسیح الرحمن نامی ایک افغان شہری کے گھر پر کی گئی جس کی زدمیں آکرایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں مسیح الرحمن کی بیوی‘ تین بیٹے‘ چار بیٹیاں اور چار کزن شامل ہیں۔

مسیح الرحمن روزگار کے سلسلے میں ایران میں ہے تاہم وزارت دفاع کے ترجمان عبدالغفورکے مطابق فضائی اور زمینی آپریشن میں افغان فورسز نے طالبان کی قید سے افغان فوجیوں کو رہا کرانے کے بعدطالبان کی جیل پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 11 طالبان ہلاک ہوگئے۔ ادھر اطلاعات کے مطابق صوبہ کپیسا کے ضلع تگاب میں بھی اتحادی و افغان افواج نے ہیلی کاپٹر سے عسکریت پسندوں پربمباری کی لیکن صوبائی کونسل کے رکن محفوظ صافی کے مطابق بمباری کے نتیجے میں 13 عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔ 

افغان میڈیا نے افغان فوجی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ صوبہ فراہ کے ضلع خاک سفید کی حدودمیں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پرکئی فضائی حملے کئے گئے جس میں 46 عسکریت پسند ہلاک اور 6 دیگر زخمی ہوگئے۔افغان فوجی حکام کے جاری بیان کے مطابق فضائی حملوں کے نتیجے میں 38 ہزار کلوگرام بارودی مواد کے علاوہ کئی گاڑیاں بھی تباہ کردی گئیں۔