83

امریکہ حالات کو خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے،روحانی

تہران ۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے اہواز حملے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے تاہم امریکہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا، ایران اس قسم کے حملوں کا دندان شکن جواب دے گا۔ اتوار کی صبح نیویارک کے دورے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حسن روحانی نے اس بات پر تاکید کی کہ ہمیں معلوم ہے کہ اہواز دہشتگردانہ حملے کے دہشتگرد عناصر کون ہیں اور ایران اس قسم کے حملوں کا دندان شکن جواب دے گا۔

صدر مملکت نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اہواز دہشتگردانہ حملہ ایرانی عوام کے عزم و ارادے کومتزلزل نہیں کر سکتا کہا کہ انسانی حقوق کے دعویداروں کواس دہشتگردانہ حملے کا جواب دینا چاہئیے۔صدر حسن روحانی نے اپنے دورہ نیویارک پر کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں علاقائی اور عالمی مسائل پر ایران کے موقف کو بیان کریں گے۔

ایرانی صدر نے جوہری معاہدے سے امریکہ کے نکلنے اور ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی کوشش ہے کہ وہ ایرانی عوام کو آزادی و استقلال سے پشیمان کرے لیکن اسے معلوم نہیں کہ وہ اپنے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا ۔