101

عرب میڈیا نے عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ لئے

دبئی۔عرب میڈیا نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کھلے ذہن اور دلیرانہ فیصلے کر نے والے رہنما ہیں ، پاکستانی عوام کو اپنے قائد سے بڑی توقعات وابستہ ہیں ، وزیر اعظم عمران خان کا سعودی عرب اور ابو ظہبی کا پہلا غیر ملکی دورہ متحدہ عرب امارات میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں کے لئے انتہائی خوشی کا دن تھا۔خلیج ٹائمز نے رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کھلے ذہن اور دلیرانہ فیصلے کرنے والا رہنما ہے اور پاکستانی عوام اپنے قائد سے بڑی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی نژاد سعودی شہری اور متحدہ عرب امارات مین مقیم عمر فاروقی نے پاکستان کے نئے وزیر اعظم سے وابستہ توقعات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مجھے عمران خان کے دورہ سے خوشی ہوئی اور میں خطہ میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیوں اور پاکستان کے خلیجی ریاستوں سے پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے ان کے نکتہ نظر کو پسند کرتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل عرصہ سے حقیقی تبدیلی کا خواہشمند تھا اور عمران خان لاکھوں عوام کی نظروں میں ایک سیاسی رہنما ہیں جن سے ملک میں ایک نئے دور کے آغاز کی توقعات وابستہ ہیں اور وہ لاکھوں عوام کی نظر میں ملک میں نمایاں تبدیلی کی امید ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورہ کے لئے سعودی عرب اور بعد ازاں ابو ظہبی کا انتخاب وہاں مقیم پاکستانی برادری کے لئے انتہائی مسرت کا باعث بنا۔