77

بھارتی وفد کے دورہ پاکستان کا شیڈول تبدیل

لاہور۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان انڈس واٹر کے مستقل کمیشن کی سطح کے مذاکرات کیلئے پاکستان آنے والے بھارتی وفد کے دورے کا شیڈول تبدیل ہو گیا ،بھارتی وفد( آج ) منگل کو پاکستان پہنچے گا۔

پاکستانی انڈس واٹرکمیشن سے2روزہ مذاکرات لاہور میں ہوں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان29 اور 30 اگست کو لاہور میں بھارت کے ساتھ مذاکرات میں پکل ڈل اور لوئر کلنائی دونوں منصوبوں کی مخالفت کرے گا،پاکستان کو دونوں پروجیکٹس کے ڈیزائن پر اعتراض ہے جبکہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر 1500 میگا واٹ کا پکل ڈل اور 45 میگاواٹ لوئر کلنائی منصوبوں پر اپنے موقف بتائے جائینگے ۔

انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے جبکہ انڈس واٹر بھارتی کمشنر پی کے سکسینا 9 رکنی وفد کی قیادت کرینگے پاک بھارت آبی معاملات پر مذاکرات کے بعد بھارتی وفد 30 اگست کو واپس روانہ ہوجائے گا۔