افریقن فٹبال کنفیڈریشن (CAF) نے افریقہ کپ آف نیشنز 2025 کے فائنل کے نتیجے کو متنازعہ حالات کے بعد تبدیل کر دیا۔ اب مراکش کو فاتح قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 18 جنوری کو فائنل میں سینیگال نے مراکش کو 0-1 سے شکست دی تھی، لیکن آخری لمحات میں دی گئی پنالٹی پر سینیگالی کھلاڑیوں نے احتجاجاً کھیل سے انکار کر دیا۔ تقریباً 17 منٹ کے وقفے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا، مگر مراکش کے براہم ڈیاز پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے، جبکہ اضافی وقت میں پاپے گویئے نے گول کر کے سینیگال کو برتری دلا دی۔
بعد ازاں مراکش فٹبال فیڈریشن کی اپیل پر CAF کی اپیل کمیٹی نے فیصلہ سنایا کہ سینیگال نے قواعد کی خلاف ورزی کی، جس کے مطابق فائنل کا میچ 0-3 سے مراکش کے حق میں قرار دیا گیا۔
سینیگال فٹبال فیڈریشن نے اس فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹ (CAS) سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔









