ریاض۔سعودی عرب اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث 4رکنی پاکستانی گروہ کو گرفتار کر لیا گیا،بد امنی اور مقامی شہریوں کو پریشان کرنے والے افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ بینکوں کے4اے ٹی ایمز سے غیر قانونی طریقے سے رقمیں نکالنے کی کوشش کرنے والے4رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہ عمر کے دوسرے اور چوتھے عشرے میں تھے۔
واردات کرنے والوں نے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کیلئے بھاری آلات استعمال کئے تھے۔ چاروں کے چاروں پاکستانی شہری تھے۔ انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ چاروں نے اقبال جرم کرلیا ہے۔ انہیں پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیدیا گیا۔ ریاض پولیس نے انتباہ دیا ہے کہ جو شخص بھی مملکت یا مقامی شہریوں یا مقیم غیر ملکیوں کو کسی طرح سے پریشان کریگا یا بدامنی پھیلانے کا مرتکب ہوگا اس سے سختی سے نمٹا جائیگا۔