47

ایبٹ آباد آپریشن کے مرکزی کردار ڈاکٹر شکیل آفریدی اڈیالہ سے ساہیوال جیل منتقل

ایبٹ آباد میں القاعدہ کے بانی اُسامہ بن لادن کے خلاف ہونے والے امریکی آپریشن کے مرکزی کردار ڈاکٹر شکیل آفریدی کو اڈیالہ سے ساہیوال جیل منتقل کر دیا گیا۔

 باخبر ذرائع نے بتایا کہ 2011 میں ہونے والے ایبٹ آباد آپریشن کے مرکزی کردار ڈاکٹر شکیل آفریدی کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں اتوار (26 اگست) کی صبح ساہیوال جیل منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر شکیل آفریدی کو سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے اڈیالہ سے ساہیوال جیل منتقل کیا گیا۔

شکیل آفریدی کو کچھ عرصہ قبل پشاور سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی پر ایبٹ آباد آپریشن کے لیے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی معاونت اور القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کی مخبری کا الزام ہے۔

واضح رہے کہ 3 اگست کو اڈیالہ جیل میں قید شکیل آفریدی سے ان کے اہل خانہ نے ملاقات کی تھی۔

ان سے ملاقات کرنے والوں میں ان کی اہلیہ عمرانہ شکیل، بیٹے بشام خان اور بیٹی مہ نور شامل تھے۔

ڈاکٹر شکیل آفریدی کو دہشت گردوں سے تعلقات کا جرم ثابت ہونے پر مئی 2012 میں 33 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ اس الزام کی شکیل آفریدی نے ہمیشہ تردید کی۔

2016 میں امریکا کی امداد بند کرنے کی دھمکی پر شکیل آفریدی کی سزا میں 10 سال کی کمی کردی گئی تھی، تاہم اس کے بعد سے ان کی رہائی کے لیے امریکی دباؤ میں کمی آئی ہے۔