47

ہارس ٹریڈنگ کی روایت دہرائی گئی ‘حمزہ شہباز

لاہور۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح ہارس ٹریڈنگ کی روایت دہرائی گئی، ایوانوں میں آنے کا مقصد جمہوریت کی گاڑی کو چلانا ہے ، ہمارے قائد نوازشریف کو جیل بھیج دیا گیا، یہ کیسا میچ تھا کہ ایک کیپٹن آزاد اور دوسرا پابند سلاسل تھا۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کی تیسری کڑی ہے، دنیا میں جمہوریت ہی کامیابی کی منزل ہے، ہم نے جمہوریت کے لیے ہی جیلیں کاٹیں اور جلا وطنیاں بھی دیکھیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایسے انتخابات ہیں جن میں جیت کا شور دب گیا اور ہر طرف دھاندلی کے نعرے ہیں تاہم ہم آئینی کردار ادا کریں گے اور کنٹینر پر چڑھ کر گالیاں نہیں نکالیں گے۔

حمزہ شہباز نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) عددی لحاظ سے سب سے بڑی پارٹی ہے اور ثبوت ہیں کہ 90فیصد فارم 45پر دستخط نہیں ہوئے، الیکشن کا 21ارب روپیہ عام آدمی کی جیب سے گیا، فوری طور پر پارلیمانی کمیشن بنا کر دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد نوازشریف کو جیل بھیج دیا گیا، یہ کیسا میچ تھا کہ ایک کیپٹن آزاد اور دوسرا پابند سلاسل تھا، جج نے فیصلے میں لکھا نواز شریف کے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔حمزہ شہباز نے کہا کہ ماضی کی طرح ہارس ٹریڈنگ کی روایت دہرائی گئی، اسپیکر کے انتخاب میں ہمارے 12ووٹ دوسری طرف پڑ گئے، ہم نے احتجاج کیا تو ڈپٹی اسپیکر کو پورے ووٹ ملے۔انتخابات سے پہلے دھاندلی ہوئی ہمارے امیدواروں کو وفاداریاں تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا، ایک نااہل شخص نجی طیارے میں ہمارے ایم پی ایز کو بنی گالا کی یاترا کرواتا رہا مگر تمام تر تحفظات کے باو جود ایوانوں میں آنے کا مقصد صرف اور صرف جمہوریت کی گاڑی کو چلانا ہے۔