3

وفاق کے ساتھ ہم آہنگی خیبر پختونخوا کیلئے خوش آئند ہے: گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق کے ساتھ ہم آہنگی صوبے کیلئے خوش آئند ہے اور وفاق کے تعاون کے بغیر صوبہ نہیں چل سکتا۔ صوبے کو درپیش مسائل کا حل وفاق کے ساتھ مل کر ہی ممکن ہے۔

صوابی میں ایک اجتماع میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق اور دیگر صوبوں کے ساتھ خوشگوار اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کا عرصہ بہت ہوتا ہے اور تمام فریقوں کو مل کر دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑنی ہوگی۔ اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ضروری ہیں۔

تجاوزات کے خلاف کارروائی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ کارروائی بلاامتیاز اور قانون کے مطابق ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کا اطلاق سب سے پہلے خود پر کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میڈیا کو تنقید برائے اصلاح کا مکمل حق حاصل ہے، جبکہ مثبت تنقید سے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

تعلیم اور صحت کے شعبوں پر بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ان شعبوں میں انقلاب لانے کی ضرورت ہے۔ اداروں میں حقیقی بہتری اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات ناگزیر ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے مسائل کے حل، دہشتگردی کے خاتمے اور عوامی سہولیات میں بہتری کیلئے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہوگا۔