2

ایل پی جی کے 2 جہاز پاکستان پہنچ گئے، قیمت کم ہونے کا امکان

عمان سے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) لے کر آنے والے دو بحری جہاز پاکستان پہنچ گئے، جس کے بعد ملک میں ایل پی جی کی فراہمی بہتر ہونے اور قیمتوں میں کمی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں بحری جہاز ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پہنچے۔ ایس ایس جی سی کے ٹرمینل پر پریانیس نامی جہاز سے 4 ہزار 250 میٹرک ٹن جبکہ اینگرو ٹرمینل پر الیسا ون نامی جہاز سے 3 ہزار 83 میٹرک ٹن ایل پی جی آف لوڈ کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے سرحدی راستے سے بھی ایل پی جی کی رکی ہوئی ترسیل کل سے بحال ہونے کا امکان ہے، جس سے ملک میں گیس کی دستیابی بہتر ہو سکتی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی سپلائی میں بہتری آنے سے قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔ تاہم قیمتوں میں کمی کی حتمی صورتحال کا انحصار مارکیٹ میں رسد اور قیمتوں کے تعین پر ہوگا۔

عمان سے ایل پی جی کی آمد اور ایران کے راستے ترسیل کی ممکنہ بحالی سے صارفین کو ریلیف ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔