40

پیپلز پارٹی نے صدر مملکت کے لیے اعتزاز احسن کو امیدوار نامزد کردیا

اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے صدارتی انتخاب کے لیے اپنا امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے پارٹی قیادت نے اعتزاز احسن کو نامزد کردیا۔ 

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری نے اعتزاز احسن کو صدرارتی امیدوار نامزد کردیا جب کہ ان کے لیے لابنگ کرنے کے لیے خورشید شاہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی بنادی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ، رضا ربانی، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، نوید قمر اور چوہدری منظور پر مشتمل کمیٹی مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادیوں سے رابطہ کرے گی۔ 

آصف زرداری سے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے ملاقات بھی ملاقات کی، اس موقع پر مشاورت بھی کی گئی جب کہ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار کو متفقہ صدارتی امیدوار بنانے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے صدر مملکت کے لیے ڈاکٹر عارف علوی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین کی 8 ستمبر کو عہدہ صدارت پر مدت پوری ہورہی ہے اور نئے صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے مطابق صدارت کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 27 اگست کو دن 12 بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے جس کی جانچ پڑتال 29 اگست کو صبح 10 بجے ہوگی۔

امیدوار 30 اگست کو دن 12 بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست بھی اسی روز دن ایک بجے جاری کی جائے گی۔