42

سدھو ایک ہی ملاقات میں جنرل قمر باجوہ کے گرویدہ

اسلام آباد۔سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو ایک ملاقات میں ہی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے گرویدہ ہوگئے۔ ہفتہ کو وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تمام مہمانوں سے فردا فردا ملے اور مصافحہ کیا ٗ جب آرمی چیف نوجوت سنگھ سدھو کے پاس پہنچے تو وہ مصافحہ پر اکتفا کرنے کی بجائے جنرل باجوہ سے بغلگیر ہوگئے اور دونوں کچھ دیر تک کھڑے ہوکر گفتگو کرتے رہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سدھو نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کی آمد کا پرتپاک خیرمقدم کیا، آرمی چیف سے خوشگوار انداز میں پنجابی میں بات کی، انہیں بتایا کہ گرو نانک، پنجہ صاحب جانے کا ارادہ ہے۔سدھو نے کہا کہ میں نے جنرل باجوہ صاحب کو اگلے سال بابا گرونانک کی 550 ویں تقریبات میں شرکت کی خواہش بھی ظاہر کی کہ میں وزیراعلی بھارتی پنجاب سمیت ایک چھوٹا سا وفد لانا چاہتا ہوں۔

باجوہ صاحب نے کہا جتنے لوگ مرضی آنا چاہیں آجائیں اور شرکت کریں، پاکستانی محبت کرنے والے امن پسند ہیں آپ کا ہر جگہ استقبال کریں گے، پاک فوج کے چیف کی اتنے اچھے انداز میں بات چیت میرے دل کو بہت پسند آئی ہے۔