86

اکرم درانی کے پی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزد

پشاور۔متحد ہ مجلس عمل نے سابق وزیر اعلیٰ اکر م خان درانی کو خیبرپختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزد کردیاہے اس سلسلہ میں ایم ایم اے کے صوبائی صدرمولانا گل نصیب خان نے باضابطہ طور پر اعلان کردیاہے پارلیمانی لیڈرشپ کے معاملہ پر ایم ایم اے میں مشاورت کاعمل جاری تھا

بعض حلقوں کی رائے تھی کہ اکرم خان درانی کو اپوزیشن لیڈر اور لطف الرحمان کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیاجائے مگر ایم ایم اے کی صوبائی قیادت اور جے یو آئی کی صوبائی مجلس عاملہ نے مشاور ت کے بعدلطف الرحمان کانام ڈراپ کرتے ہوئے اکرم خان درانی کو پارلیمانی لیڈر کے ساتھ ساتھ اپوزیشن لیڈر کے عہد ے کے لیے بھی نامزد کردیاہے 

جس کے ساتھ ہی اب ان کی طرف سے دیگر جماعتوں کے ساتھ رابطوں کاآغاز کردیاگیاہے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پی پی پی نے ان کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے جبکہ جلد ہی اے این پی کی قیاد ت کے ساتھ بھی رابطہ کریں گے اس سلسلہ میں اکرم درانی نے میڈیا کو بتایاکہ ایم ایم اے کے پارلیمانی لیڈر اور اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے وہ صوبائی اسمبلی میں بھرپور کردار ادا کریں گے انہوں نے کہاکہ ضمنی الیکشن میں مشترکہ امیدوار سامنے لاکر صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن ممبران کی تعداد میں مزید اضافہ کو یقینی بنایاجائے گا انہوں نے کہاکہ قائد ایوان کے الیکشن کے موقع پر ایک ووٹ کااضافہ اپوزیشن کی پہلی بڑی کامیابی ہے اور ا س کے بعد کامیابیوں کایہ سلسلہ جاری رہے گا