89

پاکستانی سفیر علی جہانگیر کو بھی نیب کا بلاوا

لاہور۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کوتحقیقات کیلئے ذاتی حیثیت میں 27 اگست کو طلب کرلیا ہے ۔نیب حکام کے مطابق امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے سرمایہ کار کمپنی ’’ازگرڈ نائن لمیٹڈ ‘‘کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے مونٹے بیلو نامی کمپنی خریدنے کے لیے مبینہ طور پر 2 کروڑ 37لاکھ 58 ہزار یورو کے فنڈز چوری کیے۔

اس خریداری کیلئے انہوں نے ایک غیر ملکی کمپنی فیریٹل ایس آر ایل کا استعمال کیا ‘جس کی وجہ سے مذکورہ کمپنی اور اس کے حصص دارو ں کو نقصان پہنچا۔نیب حکام کے مطابق ایک اور کمپنی جس کا نام ’’ایگری ٹیک ‘‘تھا کے حصص مختلف مالیاتی اور حکومتی اداروں کو منڈی کے نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کیے گئے تا کہ اس کے قرضوں کو بوجھ کو کم کیا جاسکے

۔جس کے نتیجے میں متعدد حکومتی اور دیگر مالیاتی اداروں کو تقریباً 40 ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ 2016 میں سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے 2016 میں ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ازگارڈ نائن گروپ کے حصص کی قیمت مصنوعی طور پر بڑھا کر 24 روپے سے 70 روپے کی گئی، جبکہ اس کی ادائیگی بھی کسی نامعلوم پارٹی کو کی گئی۔اس سلسلے میں نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ علی جہانگیر صدیقی کو تحقیقاتی ٹیم کے روبرو بذاتِ خود پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔