36

آغا سراج درانی دوبارہ سپیکر سندھ اسمبلی بن گئے

کراچی۔پاکستان پیپلز پارٹی امیدوار آغا سراج درانی دوسری مرتبہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں،نئے سپیکر کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا۔بدھ کو سندھ اسمبلی کا اجلاس پریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی کی سربراہی میں شروع ہوا۔جن کی نگرانی میں اسپیکر کا انتخاب عمل میں آیا۔ اسپیکر کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی اور ایم کیو ایم کے جاوید حنیف مدمقابل تھے۔ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کے نتیجے میں آغا سراج درانی ایک مرتبہ پھر اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے۔اسپیکر کے انتخاب میں 158ووٹ کاسٹ ہوئے، آغا سراج درانی کو96جبکہ جاوید حنیف کو 59 ووٹ ملے جب کہ 3 ووٹ مسترد ہوئے، اس کے علاوہ تحریک لبیک پاکستان کے تینوں ارکان یونس سومرو،محمدقاسم اور ثروت فاطمہ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے عمران اسماعیل اور جی ڈی اے کے عارف جتوئی ایوان سے غیرحاضرتھے۔ نئے سپیکر کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا۔ اس موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں دی گئی بعدازاں آغا سراج درانی سے پریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی نے حلف لیا۔ان کے حلف اٹھاتے ہی ایوان جیالوں کے نعروں سے گونج اٹھا۔اس سے قبل سندھ اسمبلی کا اجلاس پریزائیڈنگ افسر نادر مگسی کی زیرصدارت ہواجس میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کی گئی۔خفیہ رائے شماری کا آغاز صبح تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیرسے ہوا۔واضح رہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوتا ہے اس لیے کسی بھی پارٹی کا کوئی بھی رکن اپنی پارٹی پالیسی یا قیادت کی خواہش کے برعکس مخالف امیدوار کو ووٹ دے سکتا ہے۔