40

مشتاق غنی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب

پشاور: تحریک انصاف کے مشتاق غنی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھالیا ہے۔

پریذائیڈنگ افسر اورنگزیب نلوٹھا کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کی گئی، پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی جس میں تحریک انصاف کے مشتاق غنی کامیاب قرار پائے، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 124 کے ایوان میں 108 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے مشتاق غنی نے 81 جب کہ اپوزیشن کے لائق محمد نے 27 ووٹ حاصل کیے۔

ووٹوں کی گنتی کے بعد پریذائیڈنگ افسر اورنگزیب نلوٹھا نے نو منتخب اسپیکر مشتاق غنی سے اسپیکر کا حلف لیا جس کے بعد نو منتخب اسپیکر نے اسمبلی کے اجلاس کی صدارت سنبھال لی۔

اسپیکر کے انتخاب کے بعد ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا جس کے لیے نو منتخب اسپیکر مشتاق غنی کی صدارت میں اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب بھی خفیہ رائے شماری سے کیا جائے گا۔