46

فضل الرحمان کا عمران خان کی نشست پر ضمنی انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ

جعمیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کی خالی کردہ نشست پر ضمنی انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں سے حصہ لیا تھا اور پانچوں حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ قوانین کے مطابق عمران خان بطور رکن اسمبلی حلف سے قبل ایک نشست پاس رکھنے اور بقیہ نشستوں سے دستبردار ہونے کے پابند تھے۔

عمران خان نے میانوالی سے این 95 کی نشست اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور بقیہ چار نشستوں این اے 35 بنوں، این اے 53 اسلام آباد، این اے 131 لاہور اور این اے 243 کراچی کی نشستیں خالی کردی تھیں۔

یہ خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ این اے 35 بنوں سے خالی ہونے والی نشست پر مولانا فضل الرحمان بھی ضمنی انتخاب لڑیں گے تاہم اب انہوں نے وضاحت کی ہے کہ عوام گردش کرنے والی خبروں پر اعتماد نہ کریں۔

مولانا فضل الرحمان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جماعتی فورم پر کیے گئے فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات میں این 38 اور 39 ڈیرہ اسماعیل خان سے حصہ لیا تھا اور دونوں نشستوں پر انہیں شکست ہوئی تھی۔