45

غیر قانونی منڈیوں سے ٹریفک کا نظام درہم برہم

پشاور۔صوبائی دارالحکومت کے ناظم کے واضح احکامات اور چاروں ٹاؤنز کو کاروائی کی ہدایات کے باوجود پشاور کی سڑکوں پر غیر قانونی مال مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خرید و فروخت دھڑلے سے جاری ہے ٗ سر شام لگنے والی غیر قانونی منڈیوں نے شہر کی سڑکوں کو غلاظت سے بھر دیا ہے جبکہ سر شام ٹریفک نظام درہم برہم ہونے کے ساتھ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے پشاور کے علاقے بیرون کوہاٹی گیٹ سے سرکی گیٹ ٗ سرکلر روڈ گنج گیٹ ٗ لاہوری چوک ٗ نوتھیہ پھاٹک ٗ رنگ روڈ کے اطراف سمیت پشاور کی دیگر سڑکیں سر شام مال مویشی منڈیاں بن جاتی ہیں اس دوران ٹریفک گھنٹوں بلاک رہتی ہے ٗ ٹریفک پولیس بھی کسی قسم کی کاروائی سے اجتناب برت رہی ہے جبکہ ان جانوروں کے فضلے سے شہر کی سڑکوں کو آلودہ اور غلاظت سے بھر دیا ہے ضلع ناظم نے چند روز قبل پشاور کی سڑکوں پر غیر قانونی منڈیوں کے خلاف کاروائی کیلئے چاروں ٹاؤنز کو ہدایات جاری کی تھیں تاہم چارو ں ٹاؤنز کے اہلکار 4بجے چھٹی کر جاتے ہیں اور اس کے بعد پشاور کی سڑکوں پر مال مویشیوں کے بیوپاریوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیتے ہیں اہلیان پشاور نے نگران وزیراعلیٰ نے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لینے جبکہ ضلع ناظم سے بھی اپنی ہدایات پر عمل درآمد کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔