57

شہباز شریف کا وزیراعظم کو خط، نواز شریف سے توہین آمیز سلوک بند کرنے کا مطالبہ

نواز شریف کو بکتر بند گاڑی میں اس طرح لے جایا گیا جیسے دہشت گردوں کو لے جایا جاتا ہے، شہباز شریف فوٹو:فائل

 اسلام آباد: شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم ناصر الملک کو خط لکھ کر نواز شریف سے توہین آمیز سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم ناصر الملک کو مراسلہ لکھ کر نواز شریف کو نیب عدالت لے جانے کے طریقہ کار پر خدشات کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی نیب عدالت میں پیشی پر شدید تضحیک آمیز اور غیر انسانی رویہ اپنایا گیا، نواز شریف کو بکتر بند گاڑی میں اس طرح لے جایا گیا جیسے دہشت گرد یا مجرموں کو لے جایا جاتا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے تین مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم کے بارے میں یہ رویہ ذاتیات پر مبنی اور نامناسب ذہینت کی عکاسی کرتا ہے، ان کے خلاف اس طرح کے نامناسب رویہ کو فوری طور پر روکا جائے۔

شہباز شریف نے نگراں وزیر اعظم سے نواز شریف کے ساتھ روا رکھے گئے توہین آمیز رویے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ایک سیاسی قیدی ہیں جن پر کرپشن کا کوئئ الزام نہیں، انہوں نے ملک میں سی پیک جیسے اہم منصوبے کو بھی متعارف کرایا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جب کہ انہیں بکتر بند گاڑی میں عدالت تک لایا گیا۔