112

آزادی مارچ پشاور سے مانسہرہ روانہ

پشاو۔اراکین صوبائی اسمبلی خیبرپختونخواشہرام خان تراکئی اور عاطف خان نے آزادی مارچ 2018 کے موقع پر کہاکہ خیبرپختونخوا پرامن صوبہ ہے ، پاکستان بھر اور دنیا سے لوگ یہاں کے سیاحتی مقامات کی سیرو تفریح کیلئے آئے ، صوبہ سیاحتی مقامات سے مالا مال ہے ، نئے پاکستان میں ہم سیاحت ، کھیل اور یوتھ کو مزید بہتر کرینگے ، ہماری کوشش ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں صوبہ میں سیاحت کو مزید اچھا کیا جائے تاکہ سیاح یہاں کا رخ کریں 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور کمشنر ہزارہ کے تعاون اور فرنٹیئر 4x4کلب کے زیراہتمام جشن یوم آزادی کی خوشی میں آزادی مارچ 2018 میں جیپوں کی روانگی سے قبل موٹر وے پشاور ایم ون کے مقام پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ، آزادی مارچ میں کل 52 جیپ اور 20 موٹر بائیکس شرکت کررہی ہیں ، موٹر بائیکس حسن ابدال سے آزادی مارچ میں شامل ہونگی ، اس موقع پر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے منیجر ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر محمد علی سید ، فرنٹیئر 4x4 کلب کے بانی بابر خان اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں 

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی سید اور بابر خان نے کہاکہ آزادی مارچ کا مقصد دنیا کو امن کاپیغام دینا ہے ، خیبرپختونخوا جہاں سیاحتی دولت سے مالامال ہے تو وہی دوسری جانب امن و امان بھی ہے جہاں فیمیلز اور سیاح باآسانی سیرو تفریح کرسکتے ہیں ، آزادی مارچ پشاور سے روانہ ہوکر مانسہرہ میں اختتام پذیر ہوگی جبکہ آج 14 اگست کو یہ آزادی مارچ مانسہر ہ سے شروع ہو کر ہری پور کے مقام پر اختتام پذیر ہوگی جہاں آخر میں آتش بازی کا شاندارمظاہرہ بھی پیش کیا جائے گا ۔