117

خیبر پختونخوا کے گورنر کا 15اگست کو مستعفی ہونیکا فیصلہ

پشاور۔خیبرپختونخوا اور پنجاب کے گورنروں نے پندرہ اگست کو مستعفی ہونے کافیصلہ کرلیاہے دونوں اپنے استعفے ایک ہی روز صدر مملکت کے پاس بھجوائیں گے جو متعلقہ صوبوں میں وزراء اعلیٰ کی حلف بردار ی کے بعدمنظور کیے جانے کاامکان ہے ذرائع کے مطابق دونوں نے مرکزی قیاد ت کے ساتھ مشاورت کرلی ہے جس نے واضح کیاکہ انتقال اقتدار کوپرامن طریقے سے مکمل ہونے میں رکاوٹ کاتاثر کسی صورت نہ دیاجائے۔

ذرائع کاکہناہے کہ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ اور گورنر خیبرپختونخوااقبال ظفر جھگڑا ایک ہی روز مستعفی ہوناچاہتے ہیں اور دونوں کی طرف سے پندرہ اگست کو استعفے دیئے جانے پر اتفاق کرلیاگیاہے تاہم ان کی منظوری دونوں صوبوں میں حکومت سازی کے عمل کی تکمیل سے مشروط ہوگی اس حوالہ سے رابطہ پر تصدیق کرتے ہوئے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے روزنامہ آج کوبتایاکہ استعفیٰ دیناہمارے لیے کبھی مسئلہ نہیں رہا لیکن ہم حکومت سازی اورانتقال اقتدار کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کاتاثر نہیں دینا چاہتے تھے انہوں نے کہاکہ ہم دونوں ایک ساتھ مستعفی ہورہے ہیں اورہمارے استعفے جلدہی صدر مملکت کومل جائیں گے تاہم نومنتخب وزرا ء اعلیٰ سے حلف ہم ہی لیں گے اس کے بعدہم ایک دن بھی اضافی گورنرہاؤس میں نہیں گذاریں گے۔