83

انتخابی جھگڑے نمٹانے کیلئے ’ججز‘ کی تقرری کا فیصلہ

 اسلام آباد۔الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے الیکشن ٹریبیونل میں انتخابی جھگڑے نمٹانے کے لیے ہائی کورٹ کے حاضرسروس ججز کی تقرری کا فیصلہ کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق کمیشن کے ایک عہدیدار نے تبایا کہ اس ضمن میں ای سی پی نے رجسٹرار کو مراسلہ ارسال کردیا جس میں 5 ججوں کی فراہمی سے متعلق متن درج ہے۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ الیکشن ٹریبیونل میں ججوں کی تقرری سے متعلق نوٹیفیکیشن روا ں ہفتے جاری ہو سکتا ہے۔دوسری جانب قانونی ماہرین کے مطابق الیکشن ٹریبیونل میں ججوں کی تعیناتی سے ہائی کورٹ کے امور متاثر ہو ں گے۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کی مختلف عدالتوں میں مجموعی طور پر 20 لاکھ سے زائد مقدمات ذیرالتوا ہیں تاہم 10 لاکھ 70 ہزار مقدمات سیشن کورٹس، 2 لاکھ 95 ہزار ہائی کورٹس اور 40 ہزار عدالت عظمیٰ میں زیرسماعت ہیں۔