68

ووٹ رازداری کی خلاف ورزی پر عمران خان الیکشن کمیشن میں طلب

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو 25 جولائی کو الیکشن کے روز ووٹ کی رازداری کی خلاف ورزی پر 9 اگست کو کمیشن کے سامنے خود یا وکیل کے توسط سے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

ای سی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عمران خان نے 25 جولائی 2018 کو منعقدہ انتخابات میں اسلام آباد کے علاقے ڈھوک جیلانی میں حلقہ این اے53 کے لیے ماڈل فاربوائز میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر 65 میں ووٹ کی رازداری کو توڑا۔

عمران خان کے نام جاری نوٹس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ معاملے پر 9 اگست 2018 کو صبح 10 بجے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سیکریٹریٹ میں آکر کمیشن کے سامنے ذاتی طور پر یا وکیل کے توسط سے پیش ہوں۔

ای سی پی نے نوٹس میں واضح کیا ہے کہ کمیشن کے سامنے پیشی میں ناکامی پر ان کی عدم موجودگی میں معاملے پر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ووٹ کی رازداری کو افشاں کرنے پر6 مہینے قید اور ایک ہزار روپے جرمانہ کی سزا مقرر ہے۔

قبل ازیں 30 جولائی کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے عمران خان کی جانب سے ووٹ کی رازداری کی خلاف ورزی کے معاملے پر سماعت کی تھی۔

سماعت کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا تھا کہ کیس کی سماعت 10 اگست تک ملتوی کردیتے ہیں، جس پر بابر اعوان نے کہا کہ آج کل تو عمران خان سے ملنا مشکل ہے، 20 اگست کے بعد کی کوئی تاریخ دے دیں، اس پر الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی، تاہم اب الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 9 اگست (جمعرات) کو طلب کرلیا ہے۔