66

عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا۔

 زلفی بخاری کا نام آف شور کمپنیاں اور آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق جاری تحقیقات کے باعث ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگائی جائے، جس پر نگراں وزیر داخلہ اعظم خان کی سربراہی میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ زلفی بخاری کا معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب 11 جون 2018 کو مدینہ روانہ ہونے والی نجی پرواز میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ان کی اہلیہ بشریٰ، پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان اور ان کی اہلیہ کے علاوہ زلفی بخاری بھی سفر کررہے تھے۔

تاہم مذکورہ پرواز ایک گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی کیوں کہ زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں درج تھا، جس کے باعث امیگریشن اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حکام نے انہیں بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روک لیا تھا۔

ایف آئی اے حکام نے ڈان سے گفتگو میں بتایا تھا کہ ای سی ایل میں شامل نام زلفی بخاری کا ہی ہے اور انہیں وزارت داخلہ نے ‘ایک مرتبہ سفر’ کی اجازت مانگنے پرسعودی عرب جانے دیا تھا۔