75

سعودی عرب نے کینیڈا کیلئے پروازیں بند کردیں

ریاض: سعودی عرب نے کینیڈا سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے بعد پروازیں بھی معطل کردی ہیں۔

سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان جاری کشیدگی شدت اختیار کرگئی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سعودی ایئر لائن کی کینیڈا جانے اور آنے والی تمام پروازیں بند کردی گئی ہیں۔ کینیڈا میں زیر تعلیم سعودی طلبہ کو بھی واپس بلانے اور دوسرے ممالک میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کینیڈا کی وزیرخارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کیلیے کھڑے رہیں گے اور حقوق نسواں کے لیے آواز بلند کردیں گے۔ کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی طلبہ کا کینیڈین یونیورسٹیز سے انخلا زیادتی ہے جس کا مطلب انہیں تعلیم سے دور کرنا ہے۔

سعودی عرب نے کینیڈا پر اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام لگاتے ہوئے سفارتی و تجارتی تعلقات معطل کردیے ہیں۔  سعودی حکومت کینیڈا کی سفیر کو ملک بدر کرتے ہوئے اپنا سفیر بھی واپس بلالیا۔ کینیڈا نے سعودی عرب سے انسانی حقوق کے کارکنوں کی سزا ختم کرکے رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نہ دوسروں کے داخلی معاملات میں مداخلت کرتا ہے اور نہ ہی اپنے اندرونی معاملات میں کسی ملک کی مداخلت برداشت کرتا ہے۔