42

عمران خان کے 2 حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیئے گئے

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے این اے 53 اور این اے 131  سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیے۔

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018  میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے تاہم عدالتی فیصلوں کے باعث چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے 2 حلقوں سمیت قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک لیے گئے ہیں۔

عمران خان جن حلقوں میں کامیاب ہوئے ان میں این اے 53 ، این اے 35، این اے 95، این اے 131 اور این اے 243  شامل ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 53 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر روکا گیا ۔ این اے 131 میں مسلم لیگ (ن) کے سعد رفیق کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست کا فیصلہ آنے تک روکا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کے دیگر 3 حلقوں سے کامیابی کے مشروط نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں، عمران خان نے 25 جولائی کو عام انتخابات والے دن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ووٹ کی رازداری کا خیال نہیں رکھا تھا اور سب کے سامنے بلے کے انتخابی نشان پر مہر لگائی جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا اور ان کا وہ کیس زیر سماعت ہے یہی وجہ ہے کہ ان کے 3 حلقوں سے کامیابی کے مشروط نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق عدالتی فیصلوں کے باعث 840 میں سے 26 قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے نوٹیفکیشن روکے گئے ہیں، قومی اسمبلی کے جن 9 حلقوں کے نوٹیفکیشن روکے گئے ان میں این اے 53 اسلام آباد، این اے 90 سرگودھا، این اے 91 سرگودھا، این اے 108 فیصل آباد، این اے 112 ٹوبہ ٹیک سنگھ ،این اے 131 لاہور، این اے 140 قصور، این اے 215 سانگھڑ اور این اے 271 کیچ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں اور اب آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہوگا۔