54

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے عمران خان کو وزیراعظم نامزد کردیا

اسلام آ باد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے عمران خان کو وزیراعظم نامزد کردیا۔

پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے باضابطہ طور پر عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ اسلام آباد میں چیرمین عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ پی ٹی آئی کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو پارلیمانی لیڈر نامزد کرنے کی تحریک پیش کی جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔

اس موقع پر تمام اراکین نے کھڑے ہو کر چیئرمین تحریک انصاف کو مبارکباد پیش کی اور ہال دیر تک تالیوں سے گونجتا رہا۔ توقع تھی کہ آج کے اجلاس میں ہی قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے بھی نامزدگیاں کی جائیں گی تاہم ایسا نہیں ہوا۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے نومنتخب ارکان کو مبارکباد دی، پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے آزاد ارکان کا پارلیمانی پارٹی میں خیرمقدم کیا گیا، اتنی عددی اکثریت حاصل ہوگئی ہے کہ مرکز میں حکومت بناسکیں، عمران خان نے ارکان اسمبلی کو آئندہ چیلنجز پر اعتماد میں لیا اور قوم کی توقعات سے آگاہ کیا۔

اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری و عارضی ہے

شاہ محمود قریشی نے مضبوط اپوزیشن کا تاثر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مختلف الخیال سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوگئی ہیں جن کے نظریے اور سوچ میں کوئی مطابقت نہیں، یہ غیر فطری اور عارضی اتحاد ہے جو دیرپا نہیں رہے گا، انہیں تحریک انصاف کا خوف یکجا کررہا ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کل ایک دوسرے سے دست و گریباں تھیں لیکن آج بغلگیر ہیں، پیپلزپارٹی اور ایم ایم اے میں کیا نظریاتی ہم آہنگی ہے؟، عمران خان کی نظر میں یہ کمزور ترین اپوزیشن ہے۔

اسپیکرو ڈپٹی اسپیکرکی نامزدگی ایجنڈے میں شامل نہیں تھی

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ آج اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی نامزدگی کا ایجنڈا شامل نہیں تھا اس لیے عہدوں پر کوئی بات نہیں ہوئی، جب کوئی فیصلہ ہوگا تحریک انصاف کا میڈیا سیل باقاعدہ اطلاع دے گا، عمران خان کپتان ہیں جس کو جو عہدہ دیا جائے گا سب خوشی سے قبول کریں گے۔

پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی تعداد 138 ہوگئی ہے

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنما، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کو مدعو کیا گیا، تقریبا 225 افراد نے اجلاس میں شرکت کی جن میں سے 170 قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان ہیں۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی کل تعداد 138 ہے جن میں سے 100 آج موجود تھے جن میں نئے شامل آزاد ارکان بھی شامل ہیں۔

ایاز صادق نے اسپیکر ہاؤس کو اپوزیشن کا اکھاڑہ بنادیا

شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کے موجودہ اسپیکر ایاز صادق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسپیکر غیر جانبدار ہوتا ہے، لیکن ایاز صادق نے اسپیکر ہاؤس کو اپوزیشن کا اکھاڑہ بنادیا ہے جہاں اپوزیشن کے اجلاس منعقد ہورہے ہیں اور منصوبہ بندی کی جارہی ہے، یہ پارلیمانی آداب و روایات کے برعکس ہے، اپوزیشن کے پاس بہت سی جگہیں ہیں، اسپیکر ہاؤس کو اپوزیشن کا اکھاڑہ نہ بنایا جائے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے مطابق اسے وزارت عظمیٰ کے لیے 174 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہوچکی ہے، جب کہ مزید ارکان کی شمولیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔