41

کامیا ب اُمیدواروں کا اعلامیہ 7اگست کو جاری ہوگا

اسلام آباد۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کا نوٹیفیکیشن 7اگست کو جاری کریگا،11اگست کو خواتین کیلئے مخصوص اور غیر مسلموں کی نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان ہوگا ،آزاد امیدوار 7تا 10اگست کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کر یں گے،امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس بلائیں جائیں گے ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے نتیجے میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے حوالے سے ہونے والی مختلف قیاس آرائیوں کی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اگست تک جنرل نشستوں سے کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا جس کے بعد آزاد حیثیت سے کامیاب امیدواروں کو تین روز کا وقت ہو گا کہ وہ اگر کسی پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو شامل ہو جائیں ۔

جس کی بنیاد پر 11 اگست تک خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں سے کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ اس نوٹیفکیشن کے بعد صدر پاکستان اور گورنرز قانون کے مطابق اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گے۔