55

متعدد کونسل ممبران صوبائی اسمبلی پہنچ گئے

پشاور۔25جولائی کے عام انتخابات میں صوبائی دارالحکومت سے 3خواتین سمیت 7ڈسٹرکٹ و ٹاؤن کونسلوں کے ممبران بھی اسمبلیوں میں پہنچ گئے ہیں ٗ ان تمام ممبران کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے ٗ 4مرد ممبران نے جنرل نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی اور رکن خیبر پختونخوا اسمبلی منتخب ہوئے ٗ تین خواتین میں ایک خاتون مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی اور 2خواتین صوبائی اسمبلی کی ممبران بن گئی ہیں ۔

پشاور میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 72سے کامیاب انجینئر فہیم احمد 25جولائی کے انتخابات سے قبل ڈسٹرکٹ کونسل پشاور کے ممبر تھے انہوں نے انتخابات میں15ہزار 449ووٹ حاصل کئے ٗ آصف خان بھی ڈسٹرکٹ کونسل ممبر تھے جنہوں نے عام انتخابات میں 19ہزار 544ووٹ لیکر اے این پی کے حاجی ہدایت اللہ کو شکست دی پی کے 75سے کامیاب ملک واجد اللہ خان ٹاؤن کونسل تھری کے ممبر رہ چکے ہیں ۔

انہوں نے 27ہزار 686ووٹ لیکر اس حلقے کے بڑے بڑے برج الٹ دیئے کامران خان بنگش ٹاؤن کونسل ون کے ممبر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے انہوں نے پی کے 77میں سب سے زیادہ 30ہزار 427 ووٹ حاصل کرکے پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر سید ظاہر علی شاہ کو 20ہزار ووٹوں کی لیڈ سے شکست دی خواتین کی مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والی ڈاکٹر آسیہ اسد ڈسٹرکٹ کونسل پشاور میں تحریک انصاف کی نمائندگی کر چکی ہیں اسی طرح خیبر پختونخوا اسمبلی میں پہنچنے والی تحریک انصاف پشاور کی صدر رابعہ بصری اور آسیہ خٹک بھی ڈسٹرکٹ کونسل پشاور کی ممبران رہ چکی ہیں ۔