64

پشاور میں یوم شہداء کی دعائیہ تقریب

پشاور۔ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت میں بھی یوم شہدائے پولیس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا دن کا آغاز شہداء کی قبروں پر حاضری اور دعائیہ تقریبات سے کیا گیاجس کے دوران تمام ڈویژنل ایس پیز نے اپنے اپنے علاقوں میں موجود شہدائے پولیس کی قبروں پر حاضری دی جبکہ آئی جی پی خیبر پختونخواہ محمد طاہر خان اورسی سی پی او قاضی جمیل الرحمن نے پشاور میں شہید آئی جی صفوت غیور کی قبر پر حاضری دی ۔

دعائیہ تقریب کے دوران شہید صفوت غیور کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھانے اور گل پاشی کرنے کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہیدکی قبر کو سلامی دی بعدمیں شہید صفوت غیور سمیت پولیس اوردیگر سکیورٹی فورسز کے شہداء کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی دریں اثناء سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن نے ملک سعد شہید پولیس لائن میں خصوصی طور پر یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے میں شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا انہوں نے مزید کہا کہ پشاور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کرتے ہوئے عظیم قربانیاں دی ہیں جن کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے اسی طرح خصوصی دن کی مناسبت سے جامع مسجد ملک سعد شہید پولیس لائن میں ختم القرآن کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا جس میں سی سی پی او سمیت دیگر اعلی پولیس افسران و اہلکاروں نے حصہ لیاادھر آئی جی پی خیبر پختونخواہ محمد طاہر کی خصوصی ہدایت پر دیگر اضلاع کی طرح ملک سعدشہید پولیس لائن پشاور میں بھی خون عطیہ کرنے کیلئے خصوصی بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں افسروں اور جوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور کثیر تعداد میں خون کے عطیات پیش کئے۔

اس موقع پر خون عطیہ کرنے والے افسروں اور جوانوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پشاور پولیس نے عظیم قربانیاں دی ہیں جن کو سنہرے حروف سے لکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پشاورپولیس کے افسروں اور جوانوں نے ماضی میں بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جبکہ آئندہ کے لئے بھی اپنے اسلاف کی طرح کسی بھی قربانی سے دریع نہیں کرینگے اور خون جگر دیکر مادر وطن کی حفاظت اور دفاع کرینگے۔