42

موسمیات کی پیشگوئی ٗ وزیر اعلیٰ نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا

پشاور ۔نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سابق جسٹس دوست محمد خان نے محکمہ موسمیات کی صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کی وجہ سے سیلاب کے ممکنہ خطرات ،سیلابی ریلوں ، زندگی اور پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی پیشن گوئی پر تمام ضلعی انتظامیہ کو ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ آج یہاں سے سرکاری طور پر یہ بات بتائی گئی کہ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ضلعی حکومتوں ، ریسکیو1122 ، پی ڈی ایم اے اور ریلیف کی دیگر ایجنسیوں کو بھر پور تیاری کرنے اور ہمہ وقت مستعد رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ دوست محمد خان نے کہاکہ قدرتی آفات ایک قدرتی امر ہے جو انسانی بس سے باہر ہے ۔

تاہم یہ انسانی غفلت کی وجہ سے شدید شکل میں ہمیں خطرات اور نقصانات سے دوچار کر رہا ہے ۔ زندگی بچانا اور نقصانا ت کا ازالہ کر نا حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ لوگوں کو سیلاب اور دیگر آفات کے وقت ریلیف دینا اُن کا انخلاء اور محفوظ جگہوں پر منتقلی کیلئے ضلعی سطح پر تمام متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریوں کی احسن ادائیگی یقینی بنائیں۔اُنہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں متاثرین کے ساتھ ساتھ رہیں۔اُن کی تکالیف کم کریں اور اُنہیں احساس د لائیں کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ادارے اُنکی ہمہ وقت خدمت کیلئے موجود ہیں ۔

اُنہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر تیاریاں پیشگی ہونی چاہیے اور حفاظتی اقدامات کے ذریعے خطرات اور نقصانات کے اثرات کم سے کم کرنے کیلئے مضبوط اقدامات ہونے چاہئیں ۔ محکمہ صحت ، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر علاج معالجے اور فرسٹ ایڈ کی فراہمی کیلئے پیشگی تیار پکڑیں ۔