39

عمران خان کا 20وزراء کی کابینہ بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت سازی کے بعد پہلے مرحلے میں 15 سے 20 وزراء پر مشتمل کابینہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس بنی گالہ میں ہوا جس میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی کے امور پر غور کیا گیا۔

اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکومت سازی کے فارمولے پر بات چیت کی گئی ۔ نجی ٹی و ی کے مطابق عمران خان نے حکومت سازی کے لیے اہم فیصلے کرلیے ہیں جس کے تحت پی ٹی آئی حکومت کی وفاقی کابینہ مختصر رکھی جائے گی۔عمران خان پہلے مرحلے میں 15 سے 20 وزراء کی کابینہ بنائیں گے ٗ ابتداء میں وفاقی وزراء زیادہ اور وزرائے مملکت کی تعداد کم ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کی نمائندگی ہوگی اور زیادہ تعداد ارکان قومی اسمبلی کی ہوگی ٗ اتحادیوں کو بھی اہم وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی اولین ترجیح سادگی اور کفایت شعاری اپنانا ہوگی اور وزراء کی کارکردگی عمران خان خود مانیٹر کریں گے۔