41

ٹماٹر کے نرخ دوگنے ٗ 100کا ہندسہ عبور

پشاور ۔ عید قربان سے قبل ہی ٹماٹر کے نرخ دوگنے ہو کر غریبوں کی دسترس سے باہر ہوگئے۔ گزشتہ روز 50روپے کلو فروخت ہونے والے ٹماٹر اگلے ہی روز 100روپے کلو فروخت ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق ناجائز منافع خوروں نے من مانی کرتے ہوئے ٹماٹروں کے بھاؤ بڑھا دیئے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں 50روپے کلو فروخت ہونے والے ٹماٹر اچانک 100کا عندسہ عبور کر گئے اور مارکیٹ میں ٹماٹر 100سے اوپر میں فروخت ہونے لگے۔ ریڑھی بانوں سے پتہ کرنے پر معلوم ہوا کہ مارکیٹ میں ٹماٹر کی کوئی کمی نہیں اور نرخوں میں ہوشربا اضافہ آڑھتیوں کی من مانی ہے۔ 

گزشتہ دنوں نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ضلعی ا نتظامیہ سے اشیائے ضرورت پر خصوصی چیک رکھنے کی ہدایات جاری کی تھیں اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی خاموشی کے باعث ٹماٹروں کے نرخ ایک ہی رات میں دوگنے کر دیئے گئے ہیں۔ عوام نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔