52

سپریم کورٹ جو فیصلہ سنائے گی قبول ہوگا ٗ علیم خان

اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ مجھے مسلسل ٹارگٹ کیا جارہا ہے، 11سال اپوزیشن میں رہنے کے بعد سب کو مجھ میں اب برائیاں نظر آرہی ہیں، جو بھی زمین لیتا ہوں کا اسٹیٹس بدل دیا جاتا ہے، عمران خان کے ساتھ مل کر تبدیلی کی جنگ لڑتا رہا ، کوئی فائدہ لینا ہوتا تو کے پی کے میں سرمایہ کاری کرتا، سپریم کورٹ کیس کا جو فیصلہ سنائے گی اس من و عن سے تسلیم کروں گا۔

جمعرات کو یہاں بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 11سال اپوزیشن میں رہا اور دھرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اب 11سال اپوزیشن کے بعد تمام برائیاں مجھ میں کیوں نظر آرہی ہیں۔ میرے خلاف تمام انکوائریاں اب کیوں شروع ہوئی ہیں۔ میرے خلاف 2008سے انکوائریاں کیوں نہیں کی گئیں۔ سب کو میرے خلاف اب مقدمات نظر آرہے ہیں۔ مجھے مسلسل ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔

حقائق قوم کے سامنے لانا چاہتا ہوں۔ پیرا گون نے سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہے جبکہ میں نے کسی سرکاری زمین پر قبضہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جو بھی زمین لیتا ہوں اس کا اسٹیٹس تبدیل کردیا جاتا ہے۔ این او سی کی بحالی کیلئے 2سال تک عدالتوں کے چکر کاٹتا رہا ۔ مجھے عمران خان کے ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے۔ عمران خان کے ساتھ مل کر تبدیلی کیلئے جنگ لڑرہا تھا۔ میرے خلاف کے پی کے میں ایک مرلہ نکال کر دکھادیں۔

میرا کیس سپریم کورٹ میں ہے اور فیصلہ عدالت نے ہی کرنا ہے۔ علیم خان نے کہا کہ بیرون ملک اثاثوں کی منی ٹریل دی ہے۔ کوئی فائدہ لینا ہوتا تو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کرتا جو بھی عدالت فیصلہ کرے گی وہ من وعن تسلیم کریں گے۔