93

مودی کا عمران خا ن کو فون خوش آئند ہے ٗ ڈاکٹر فیصل

اسلام آباد۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہملک میں عام انتخابات جمہوریت کے تسلسل کی جانب ٹھوس قدم ہے,پاکستان میں عام انتخابات کے پرامن انعقاد پر عالمی برادری نے خیر مقدم کیا،بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا عمران خان کو مبارک باد کے لیے ٹیلی فون خوش آئند ہے، امید ہے سارک ممالک کے رابطے بہتر ہوں گے، افغانستان میں امن کے قیام کیلئے ورکنگ گروپ اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا۔

پاک افغان قیادت رابطوں میں ہے، افغان مسئلے کا حل سیاسی ہے فوجی نہیں ۔ جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات کے پرامن انعقاد پر عالمی برادری نے خیر مقدم کیا ہے، یہ جمہوریت کے تسلسل اور اقتدار کی پرامن منتقلی کی جانب ٹھوس قدم ہے، اس سے قبل 2 حکومتوں نیاپنی مدت پوری کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ افغانستان میں امن کے قیام کیلئے ورکنگ گروپ کا اجلاس 22جولائی کو کابل میں ہوا جس میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا گزشتہ ایک سال سے پاک افغان قیادت رابطوں میں ہے، افغان مسئلے کا حل سیاسی ہے فوجی نہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کا عمران خان کو مبارک باد کے لیے ٹیلی فون خوش آئند ہے، امید ہے سارک ممالک کے رابطے بہتر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری سادگی سے ہوگی۔ تحریک انصاف نے اس حوالے سے تفصیلی ٹویٹ بھی کی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے بین الاقوامی آبزرور کو خوش آمدید کہا۔ بین الاقوامی آبزرور سنہ 2008 سے پاکستان میں انتخابات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ممکنہ وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں غیر ملکی مہمانوں کی شرکت کا تحریک انصاف ہی بتاسکتی ہے، تحریک انصاف کے بیان کے مطابق حلف برداری تقریب میں کوئی غیر ملکی لیڈر شرکت نہیں کریگا۔