98

طلال چوہدری توہین عدالت کے مرتکب قرار، 5 سال کیلیے نااہل

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے انہیں عدالت برخاستگی تک قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

 سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو آرٹیکل 63 (1) جی کے تحت توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عدالت برخاستگی تک قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ عدالتی فیصلے کے نتیجے میں طلال چوہدری پانچ سال کے لئے نااہل ہوگئے ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے عدلیہ مخالف تقاریر پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کو یکم فروری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کا فیصلہ 11 جولائی کو محفوظ کیا تھا۔

واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور مسلم لیگ (ن) کے دانیال عزیز کو بھی توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے انہیں عدالت برخاستگی تک قید اور جرمانہ ہوا تھا۔