57

نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر پرویزخٹک نے معافی مانگ لی

اسلام آباد۔سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے انتخابی مہم کے دوران غیراخلاقی زبان استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن سے غیرمشروط معافی مانگ لی ، الیکشن کمیشن نے پرویز خٹک سے بیان کی تردید کرنے سے متعلق ویڈیو ثبوت 9اگست تک طلب کر لئے ۔بدھ کو الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنرسردار محمد رضا کی سربراہی میں چاررکنی بینچ نے پرویزخٹک کے غیراخلاقی زبان استعمال کرنے کے نوٹس کی سماعت کی ،پرویز خٹک کی جانب سے ان کے وکیل سکندر بشیر کمیشن کے سامنے پیش ہوئے،وکیل نے کہا کہ19تاریخ کو نوٹس ہوا اور 24کو جواب جمع کرا دیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جو پرویز خٹک نے کہا وہ آپ نے سنا ہے؟ وکیل نے کہا کہ جی میں نے دیکھا ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وہ دیکھنے کا نہیں سننے کا ہے ،وکیل نے کہا کہ نوٹس میں بتایا نہیں گیا کہ کس تقریر پر نوٹس ہوا،پرویز خٹک نے جو کہا وہ غیر اختیاری تھا،الفاظ پر شرمندہ ہوں غیر مشروط معافی مانگتا ہوں چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ہم آپ کو کلپنگ دکھا دیتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے کمرہ عدالت میں پرویز خٹک کی تقریر کی وڈیو کلپنگ چلا دی گئی، الیکشن کمیشن نے کہاکہ اگرپرویز خٹک نے نازیبا گفتگوکی تردید یا افسوس کا اظہارکیا توویڈیوثبوت پیش کریں ، الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 9 اگست تک ملتوی کردی۔