78

خفیہ ایجنسی سے متعلق بیان پر جسٹس شوکت صدیقی کو شوکاز نوٹس

 اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل نے خفیہ ایجنسی کی عدالتی معاملات میں مداخلت سے متعلق بیان پرجسٹس شوکت عزیز صدیقی کو شوکازنوٹس جاری کردیا۔

 سپریم جوڈیشل کونسل نے خفیہ ایجنسی کی عدالتی معاملات میں مداخلت کے بیان پراسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئرجج جسٹس شوکت صدیقی کو شوکازنوٹس جاری کردیا۔ جسٹس شوکت عزیزصدیقی کو 28 اگست تک جواب داخل کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جسٹس شوکت صدیقی کی تقریرکے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے ان کی تقریرکا نوٹس لیا تھا اورپاک فوج نے بھی جسٹس شوکت عزیزکے الزامات کوریاستی اداروں کے لیے انتہائی سنگین قراردیتے ہوئے تحقیقات اور کارروائی کرنے کی درخواست کی تھی، جس پرشوکت صدیقی نے چیف جسٹس کواپنے خط میں کہا تھا کہ جوحقائق بیان کیے اس پرکمیشن بنایا جائے۔

واضح رہے کہ جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے خفیہ ایجنسی پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ خوف وجبرکی فضا کی ذمہ دارعدلیہ بھی ہے جب کہ میڈیا والے بھی گھٹنے ٹیک چکے ہیں اور سچ نہیں بتا سکتے، میڈیا کی آزادی بھی بندوق کی نوک پر سلب ہوچکی ہے۔