73

نمکمنڈی میں بڑے پلازوں کی مسماری شروع

پشاور۔سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے پشاور کے علاقے نمک منڈی میں تجاوزات کے خلاف مڈ نائٹ آپریشن کرتے ہوئے بڑے بڑے پلازوں کی مسماری کا آغاز کر دیا ہے ٗ آپریشن کے دوران تاجروں کی مزاحمت کے باعث آپریشن میں جزوی تعطل آیا تاہم بعدازاں مذاکرات سے معاملے نمٹا دیا گیا تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر کوآرڈنیشن صاحبزادہ محمد طارق اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹرمینل ریاض اعوان کر رہے تھے ۔

اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی جبکہ آپریشن کے دوران بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل نمک منڈی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران بعض شر پسند عناصر نے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹرمینل ریاض اعوان کے چہرے پر تیزاب بھی پھینک دیا تھا جس کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا واضح رہے کہ ریاض اعوان کا شمار ایماندار ٗ محنتی اور قابل افسروں میں ہوتا ہے انہیں فیلڈ کے اہم ٹاسک حوالے کئے جاتے ہیں ۔