52

علی امین کا فضل الرحمان کو دوبارہ الیکشن لڑنے کا چیلنج

ڈیرہ اسماعیل خان ۔تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر مال علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان کو چیلنج کیا ہے کہ اگر فضل الرحمان دوبارہ الیکشن کرانے کا شوق رکھتے ہیں تو وہ بھی پورا کر دیتا ہوں کیونکہ فضل الرحمان جانتا ہے کہ اگر دوبارہ الیکشن ہوا تو شکست کا مارجن دوگنا ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار علی امین گنڈا پور نے ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے احتجاج کے اعلان کے بعد ڈی آئی خان میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسا چاہیں نتائج کی پڑتال کرنے کے لئے تیار ہیں اگر وہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانا چاہتے ہیں تو اس کے لئے بھی ہم تیار ہیں اور اگر فضل الرحمان دوبارہ الیکشن کرانے کا شوق رکھتے ہیں تو وہ بھی پورا کرنے کے لئے تیار ہیں ۔

کیونکہ فضل الرحمان کبھی بھی دوبارہ انتخابات میں اترنے کی حماقت نہیں کرے گا وہ جانتا ہے کہ اب اگر انتخابات میں اترا تو شکست کا مارجن دوگنا ہو گا ۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی مقبولیت کا سارا بخار اتار دوں گا کیونکہ منافقت اور شرارت کی سیاست دفن کرنے کا ہم نے عزم کر رکھا ہے اور مولانا فضل الرحمان اب شرارتیں کرنے کی بجائے میدان میں نکلیں ۔