49

عمران خان ’وزیر اعلیٰ کے پی ‘کے چنا ؤ میں الجھ گئے

اسلام آباد۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان وزارت عظمی کا حلف لینے سے قبل وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے چنا ؤمیں الجھ گئے۔25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا اسمبلی سے 66 نشستوں میں کامیاب ہوکر واضح اکثریت حاصل کرلی ہے۔ پہلے عاطف خان کو صوبے کے اگلے وزیر اعلی کے طور پر دیکھا جارہا تھا لیکن اب عاطف خان کے بعد دو مزید امیدوار پرویز خٹک اور اسد قیصر بھی سامنے آ گئے ہیں ۔

عمران خان وزیر اعظم کا حلف لینے سے قبل وزیر اعلی کے پی کے کا چنا ؤکرنے میں الجھ گئے۔ تینوں امیدواروں نے اپنی لابی تیز کر دی ہے اس سلسلے میں اسد قیصر اور عاطف خان نے گزشتہ روز عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کی تھیں۔قومی اسمبلی کی نشست جیتنے کے باوجود پرویز خٹک دوبارہ وزیر اعلی کے امیدوار ہیں، پرویز خٹک کو جہانگیر ترین کے کیمپ کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔

اس لئے جہانگیر ترین کا وزن پرویز خٹک کے پلڑے میں ہوگا۔عاطف خان چیئر مین پی ٹی آئی کے قریب ہیں اور عمران خان تعلیم کے شعبہ میں عاطف خان کی کارکردگی سے متاثر بھی ہیں، اس کے علاوہ عاطف خان کے خاندان سے بڑی تعداد میں لوگ بیوروکریسی کا حصہ ہیں۔اسد قیصر گزشتہ دور میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی رہے ہیں اور وہ عمران خان کے دیرینہ ساتھی ہیں۔