46

نواز شریف کے الیکشن چوری کے الزامات

راولپنڈی۔سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن چوری کرلیے گئے ہیں، عمران خان 2013کی پوزیشن پر بھی نہیں تھے، تحریک انصاف کو کے پی کے میں بدترین کارکردگی کے باوجود جتا دیا گیا، کچھ حلقوں سے (ن) لیگ ہار ہی نہیں سکتی تھی۔

جمعرات کومسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے اڈیالہ جیل میں پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی کی طبیعت دریافت کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماں نے انتخابی نتائج سے متعلق غور کیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر الیکشن نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ الیکشن چوری کرلیے گئے ہیں۔

آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ پارٹی کرے گی، عمران خان تو 2013کی پوزیشن پر بھی نہیں تھے، تحریک انصاف کو کے پی کے میں بدترین کارکردگی کے باوجود جتا دیا گیا، انہوں نے کہا خیبر پختونخوا کے نتائج کی بنیاد پر ملک بھر کے نتائج پر اثر ڈالا گیا ہے، ہم ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر قائم ہیں، سول بالادستی کیلئے کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ حلقوں سے تو (ن) لیگ ہار ہی نہیں سکتی تھی۔

نواز شریف نے عابد شیر علی ، شاہد خاقان عباسی اور فیصل آباد کے حلقوں کا ذکر کیا۔ نواز شریف سے جیل میں حنیف عباسی نے بھی ملاقات کی، حنیف عباسی نے سزا سے متعلق واقعات سے نواز شریف کو آگاہ کیا۔