112

پشاورمیں بچوں کی لڑائی نے 7افراد کی جان لے لی

پشاور ۔صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے نواحی گاوں میرہ سوڑیزئی میں بچوں کی لڑائی کے دوران فائرنگ سے 7 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق محب اللہ اور نور اللہ نامی افراد کے بچوں میں کسی بات پر لڑائی ہوئی جس میں بڑے بھی کود پڑے۔

نور اللہ اور اس کے ساتھیوں نے بچوں کی اس لڑائی میں محب اللہ کے گھر پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں محب اللہ، راحت اللہ اور عنایت سمیت 6 افراد موقع پرہی جاں بحق ہوگئے۔ دوسری جانب نور اللہ کے ساتھیوں کی فائرنگ سے ان کا ایک اپنا ساتھی بھی مارا گیا۔واقعے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے، جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا، جن کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے ملزمان کے مکانات پر چھاپوں کے دوران دو پستول، ایک کالاکوف اور ایک کلاشنکوف برآمد کرلئے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولین کی ملزمان سے چند ماہ قبل بھی تکرار ہوئی تھی جس پر عمائدین علاقہ نے دونوں گروپوں میں صلح کرا دی تھی۔ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ انقلاب میں درج کر لی گئی ہے۔ بدقسمت خاندان کا تعلق افغانستان سے ہے جو 17 سال قبل پشاور منتقل ہوا تھا۔