109

پشاور میں غیرت کے نام پر داماد اور بیٹی قتل

پشاور۔پشاور کے نواحی علاقہ اصحاب بابا میں غیرت کے نام پر سسر نے اپنے ہونے والے داماد اور بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا مقتولین کی 6 ماہ پہلے منگنی ہوئی تھی اور ایک ہفتہ قبل دونوں سیر و تفریح کیلئے گئے تھے جس کا لڑکی کے والد کو رنج تھاجس نے واپسی پر پہلے اپنی بیٹی اور پھر اپنے ہونے والے داماد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

شاہد ولد عبد الودود سکنہ اصحاب بابا خٹک کلے نے رپورٹ درج کراتے ہوئے تھانہ متھر اپولیس کو بتایا ’’چھ ماہ قبل میرے بھتیجے 18 سالہ داؤد ولد پرویز کی منگنی باچا گل ولد گل خان کی بیٹی 16 سالہ آمنہ سے ہوئی تھی اور دونوں ایک ہفتہ قبل سیر و تفریح کیلئے گئے تھے جہاں سے واپسی پر گزشتہ روز آمنہ کے والد کو کسی نے طعنہ دیا کہ شادی سے قبل ہی تمہاری بیٹی اپنے منگیتر کے ساتھ سیر و تفریح پر جارہی ہے۔

یہ کیا ماجرہ ہے جس پر باچا گل نے طیش میں آکر پہلے اپنی بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور بعد ازاں اپنے ہونے والے داماد یعنی میرے بھتیجے داؤد پر مسجد کی گیٹ میں فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستہ میں ہی دم توڑ گیا جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا‘‘ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔