49

آزاد امیدوار کی انتخابات سے قبل خود کشی

اسلام آباد،فیصل آباد ۔ تاندلیانوالہ سے این اے 103 اور پی پی کے آزاد امیدوار مرزا محمد احمد مغل نے خود کشی کرلی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دونوں حلقوں میں انتخابات ملتوی کر دیئے ۔

تفصیلات کے مطابق مرزا محمد احمد نے خود کشی سے قبل ویڈیو پیغام میں خودکشی کی دھمکی دی تھی۔پولیس کے مطابق فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 103 اور صوبائی حلقے پی پی 103 سے آزاد امیدور محمد احمد مغل نے مبینہ طور پر خودکشی کی، احمد مغل کا بیٹوں سے جھگڑا ہوا تھا جس پر انہوں نے خود کو گولی مارکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ احمد مغل پک اپ کے نشان پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑرہے تھے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے آزاد امید وار مرزا محمد احمد کی خودکشی کی تصدیق کے بعد این اے 103 اور پی پی کے دونوں حلقوں سے الیکشن ملتوی کر دیئے ،اس حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا۔ ادھر عام انتخابات 2018 کے لئے تمام بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہوگئی، ملک بھر کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لئے 21 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے، الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق عدالتوں میں زیر التواء حلقوں کے بھی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے، کراچی کے علاوہ دیگر تمام شہروں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل ہوگئی۔